مقامی قرض پر سود کی ادائیگیاں 350 ارب سے بڑھ گئیں

Last Updated On 01 October,2018 12:00 pm

کراچی (دنیا نیوز ) شرح سود میں اضافے سے مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگیاں جنوری سے اب تک 350 ارب روپے تک بڑھ گئیں۔ مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مقامی سطح پر لیے گئے قرضوں پر سود کی ادائیگیاں بھی بڑھ رہی ہیں۔

سٹیٹ بینک نے 29 ستمبر کو شرح سود میں مزید ایک فیصد اضافہ کیا تو مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں بھی 130 سے 150 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔

اعداد شمار کے مطابق مرکزی بینک جنوری سے اب تک شرح سود میں 2 اعشاریہ 75 فیصد اضافہ کرچکا ہے جس کے باعث مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگیاں بھی 350 ارب روپے تک بڑھ گئی ہیں۔

سٹیٹ بینک کے مطابق اس وقت مقامی سطح پر قلیل اور طویل مدتی قرضوں کا کل حجم 12 ہزار 500 ارب روپے ہے جس میں قلیل مدتی قرضے 1600 ارب روپے ہیں۔