ملک میں 5 ہزار کا کرنسی نوٹ بند نہیں ہورہا، سٹیٹ بینک

Last Updated On 10 September,2018 05:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ 5 ہزار کا نوٹ بند نہیں ہو رہا، 5 ہزار کے نوٹوں سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔

ملک میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی سوشل میڈیا پر 5 ہزار کے کرنسی نوٹوں کی بندش کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد ان خبروں کو تیزی سے پھیلا رہی ہے کہ ملک میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومت نے 5 ہزار کے کرنسی نوٹوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ان خبروں کے حوالے سے کسی قسم کی حکومتی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آرہی تھی، جس کی وجہ سے کاروباری طبقے کے افراد پریشانی کا شکار تھے۔

تاہم اب سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس خبر کو بے بنیاد قرار دے کر اس کی تردید کر دی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ 5 ہزار کا کرنسی نوٹ بند نہیں ہو رہا، نوٹوں کی بندش سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور ایسی کوئی بھی سفارش زیر غور نہیں ہے۔