کراچی: (دنیا نیوز) اوپن اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں زیادہ فرق تشویش کا باعث ہے۔ روپے کی قدر میں مزید کمی کا خدشہ نہیں، سٹیٹ بینک نے فاریکس ڈیلرز کو یقین دہانی کرادی۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی بڑھتی قدر کو دیکھتے ہوئے سٹیٹ بینک نے فاریکس ایکسیچینج کمنپیوں اور ایسوسی ایشن کے اہم حکام کا اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سٹیٹ بینک نے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سختی سے نوٹس لیا۔
سٹیٹ بینک نے فاریکس کمپنیوں کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ بروقت ضرورت بینک ڈالر فراہم کرتا رہے گا۔ سٹیٹ بینک نے اوپن اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں تین روپے سے زائد کا فرق ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ملاقات میں مرکزی بینک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ روپے کی قدر میں مزید کمی کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ خیال رہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 118 روپے 30 پیسے کا ہوگیا ہے۔