اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کو آپ روک نہیں سکتے، ڈالر کا 115 روپے بیلنس ریٹ ہے۔ ڈالر کے معاملے پر ہم مداخلت نہیں کرتے اس کی قیمت کا تعین مارکیٹ فورسز کرتی ہیں۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ہماری برآمدات بڑھیں گی۔
رانا افضل نے مزید بتایا کہ آئندہ بجٹ عوام دوست ہوگا اگر ضرورت پڑی تو ٹیکس انتہائی محدود بڑھائیں گے۔ بیرونی ادائیگیوں کے لیے بہت ساری چیزیں پائپ لائن میں ہیں۔ بیرونی ادائیگیوں کے حوالے سے حکومت پریشان نہیں ہے۔ مارکیٹ سے سوا 7 فیصد شرح سود پر عام قرضہ مل رہا ہے۔ حکومت کی خواہش ہے کہ کم ریٹ پر پیسہ ملے۔