پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا وقت ختم، سیاسی جماعتوں کے امیدوار فائنل

Last Updated On 29 June,2018 05:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا وقت آج چار بجے تک تھا۔ سیاسی جماعتوں کی طرف سے جن امیدواروں کو ٹکٹ مل گیا ہے، صرف وہ ہی فائنل تصور کئے جائیں گے۔

2018ء کے سیاسی سفر میں کس پارٹی نے کس امیدوار کو ٹکٹ دیا؟ وقت ختم ہوتے ہی لسٹیں فائنل ہو گئی ہیں۔ ٹکٹ والے اِن، بغیر ٹکٹ اب آزاد الیکشن لڑیں گے۔ سیاسی جماعتوں کی طرف سے جن امیدواروں کو ٹکٹ مل گیا ہے، صرف وہ ہی فائنل تصور کئے جائیں گے۔ ملک بھر سے کورنگ سمیت سیکڑوں امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لئے، الیکشن کمیشن انتخابی نشانات کل الاٹ کرے گا۔

انتخابی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل، ملک بھر میں سیاسی گہماگہمی عروج پر پہنچ گئیں۔ پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کے آخری دن ریٹرننگ افسروں کے دفاتر میں زبردست جوش و خروش رہا، جو پارٹی ٹکٹ جمع کرانے سے رہ گیا، وہ اب جماعت کے بینر تلے نہیں بلکہ آزاد الیکشن میں اترے گا۔ آخری دن عمران خان نے این اے 131 لاہور سے بھی پارٹی ٹکٹ جمع کرا دیا۔ کپتان کا ٹکٹ ان کے وکیل نے ریٹرننگ افسر کے حوالے کیا۔

ادھر کاغذات واپس لینے کی ڈیڈ لائن بھی ختم ہو گئی ہے، کورنگ سمیت سیکڑوں امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔ این اے 213 سے ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو، این اے 155 اور 157 سے جاوید ہاشمی اور این اے 29 سے شاہ فرمان الیکشن سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے بھی بالاخر اپنے کاغذات جمع کرا دیے ہیں۔ انہوں نے این اے 245 اور اور 243 سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔