الیکشن 2018ء کے پہلے ایم پی اے، شبیر بجارانی بلا مقابلہ کامیاب

Last Updated On 29 June,2018 06:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے شبیر بجارانی بلا مقابلہ رکن سندھ اسمبلی کامیاب ہوگئے، الیکشن کمیشن نے پہلے کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، شبیر بجارانی پی ایس 6 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار تھے۔

یاد رہے چند روز قبل میر ہزار خان بجارانی کے بیٹے شبیر بجارانی نے پیپلز پارٹی سے راہیں الگ کرلیں لیکن پھر مراد علی شاہ اور دیگر ان کو منالیا تھا۔ بجارانی خاندان 48 سال سے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ الیکشن کمیشن نے شبیر علی بجارانی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل پیپلز پارٹی کے رہنما میر ہزار خان خانی اور ان کی اہلیہ کی کراچی میں واقع رہائش گاہ سے لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ پولیس نے اسے قتل کی پراسرار واردات قرار دیا لیکن بعد میں تفتیش کے بعد کہا گیا کہ میر ہزار خان بجارانی نے اپنی اہلیہ فریحہ رزاق کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔ پولیس نے اس معاملے کو جوڑے کے درمیان کچھ عرصے سے چلنے والی ناچاقی کا شاخسانہ قرار دیا تھا۔