غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے 6 یرغمالیوں کے بدلے 600 سے زائد قیدیوں کو رہا نہ کرنے پر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نےسخت ردعمل جاری کردیا۔
اسرائیلی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حماس کی طرف سے ہمارے قیدیوں کی عزت کو مجروح کرنے والی تقریبات اور پراپیگنڈے کے لیے ان کا مذموم سیاسی استعمال فلسطینی قیدیوں کی رہائی کو موخر کرنے کی وجہ ہے۔
تل ابیب کے اس اقدام پر حماس کی جانب سے جاری ردعمل میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں۔
حماس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ غزہ میں قیدیوں کی رہائی کا منظر دو اسرائیلی یرغمالیوں نے گاڑی سے دیکھا جس کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے، دونوں یرغمالیوں نے اپنی حکومت سے رہائی ممکن بنانے کی اپیل کی۔
دوسری جانب حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی تدفین آج بیروت میں ہوگی، مختلف ممالک سے لوگ لبنان پہنچ رہے ہیں جبکہ دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔