’’تحریر الشام‘‘ کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں برقرار رکھنے کا فیصلہ

Published On 11 January,2025 04:36 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے ’’تحریر الشام‘‘ تنظیم کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ امریکی ذمے داران کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے اواخر میں شامی صدر بشار الاسد کا تختہ الٹ کر دنیا کو حیران کر دینے والے اسلام پسندوں کو پہلے یہ ثابت کرنا چاہئے کہ انہوں نے شدت پسند جماعتوں بالخصوص القاعدہ تنظیم سے اپنے تعلقات ختم کر لئے ہیں اس کے بعد دہشت گرد تنظیم کی فہرست سے ان کا نام نکالا جائے گا۔

امریکی ذمہ داران کا کہنا تھا کہ تحریر الشام تنظیم کا نام غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں باقی رہنے سے امریکی شہریوں کے لئے اس تنظیم کو کسی قسم کی سپورٹ پیش کرنا غیر قانونی ہوگا۔

عالمی برادری کے اندر اس بات پر وسیع اتفاق ہے کہ ایک دہائی سے زیادہ کی خانہ جنگی کے بعد شام کو مزید امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں کی اشد ضرورت ہے۔