اسرائیل کی ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری

Published On 13 December,2024 12:01 pm

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاریاں شروع کردیں۔

غیر ملکی اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی حکام نے کہا ہے اسرائیلی فضائیہ ایران کی جوہری تنصیبات پرحملے کے لیے تیاریاں کر رہی ہے،اسرائیل شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے اور لبنان میں ایران کے حامی گروپ کمزور ہونے کی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کو جوہری پروگرام کو مزید آگے بڑھانے اور بم تیار کرنے سے روکنے کے لیے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہیے۔

دوسری جانب تہران نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی تردید کرتےہوئے کہا ہے کہ ایران کا خلائی پروگرام اور جوہری سرگرمیاں خالصتاً سول مقاصد کے لیے ہیں۔

ادھر امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں اور اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران 2003 تک فوجی مقاصد کے لیے جوہری پروگرام پر کام کر رہا تھا۔