شام میں خانہ جنگی شدت اختیار کر گئی، جنگجوؤں کا ہما پر بھی حملہ، 4 قصبوں پر قابض

Published On 05 December,2024 06:38 am

حلب: (دنیا نیوز) شام میں خانہ جنگی شدت اختیار کر گئی، شام میں حکومت مخالف جنگجوؤں نے حلب اور ادلب کے بعد ہما پر بھی حملہ کر دیا، جنگجو شہر کے اطراف میں چار قصبوں پر قابض ہوگئے۔

جنگجو مرکز سے صرف دس کلومیٹر کی دوری پر ہیں، روس نے یوکرین کو شام میں انتشار کا ذمہ دار ٹھہرا دیا، روسی وزارت خارجہ نے کہا شامی جنگجوؤں کو یوکرین سے ڈرونز اور ہتھیار مل رہے ہیں، ماسکو بشار الاسد کے ساتھ کھڑا ہے۔

شامی فوج نے شورش زدہ علاقوں میں 200 جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے، امریکا نے بھی شامی فوجی اہداف پر حملے کئے، صدر پیوٹن اور ترک صدر طیب اردگان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، شام کی بگڑتی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا شام کی صورتحال کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا، امریکی اور روسی مندوبین میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، ایک دوسرے پر دہشت گردی کی سرپرستی کے الزامات لگاتے رہے۔