دمشق : (ویب ڈیسک ) شامی صدر بشارالاسد نے تمام باقاعدہ فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافے کا حکم دے دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز جاری کیے گئے حکم میں کہا گیا ہے یہ اضافہ پچاس فیصد ہو گا، فوجیوں کی تنخواہوں میں یہ اضافہ بشارالاسد کے خلاف اپوزیشن کی طرف سے جاری حملوں کے دوران کیا گیا ، ان حملوں کی وجہ سے حلب شہر پر سرکاری کنٹرول ختم ہو گیا ہے۔
شامی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اضافہ واضح طور پر ان فوجیوں کی تنخواہوں میں کیا گیا ہے جو فوج میں ان دنوں خدمات انجام دے رہے ہیں اور حاضرسروس ہیں ، یہ حکمنامہ ریٹائرڈ فوجیوں یا ریزروز کے لیے نہیں ہے۔
ان دنوں شام کی فوج اپوزیشن کے حملوں کی زد میں ہے ، شام کی حکومتی فورسز نے بدھ کے روز حماۃ کے اردگرد جوابی کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں شمال میں مزید نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
خیال رہے حماۃ شہر وسطی شام میں واقع ہے تاہم دمشق کی حفاظت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔