جنوبی لبنان میں جنگ بندی، ایک ہی دن کے وقفے سے اسرائیل کی پھربمباری

Published On 30 November,2024 10:54 am

بیروت : (ویب ڈیسک ) اسرائیل کی لبنان میں جنگ بندی کے بعد صرف ایک دن کے وقفے سے جمعہ کے روز جنوبی لبنان پر اسرائیل نے پہلی بمباری کر دی۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے اس علاقے میں اسے حزب اللہ کی عسکری سرگرمیاں نظر آئی تھیں جس کے بعد حزب اللہ کے راکٹ لانچر کو نشانہ بنانے کے لیے بمباری کی گئی۔

اسرائیلی فوج کے بیان کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شامل کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ آہستہ چلنے والے ایک ٹرک پر بمباری کی جا رہی ہے۔

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان آٹھ اکتوبر 2023 سے جنگی جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جسے اسرائیل نے ستمبر 2024 میں ایک مکمل جنگ میں بدل دیا اور شدید بمباری کے علاوہ جنوبی لبنان میں زمینی حملہ بھی شروع کر دیا، اس دوران اسرائیلی فوج نے 3ہزار سے زائد لبنانیوں کو شہید لیا اور لاکھوں کے گھر تباہ کر کے انہیں نقل مکانی پر مجبور کر دیا۔

اس خونریزی کو روکنے کے لیے اس وقت سنجیدہ کوشش شروع ہوئی جب اسرائیل کی زمینی فوج جنوبی لبنان میں کامیاب ہوتی نظر نہ آئی بلکہ اسے غیر متوقع طور پر سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، بالآخر بدھ کے روز امریکی کوششوں اور فارمولے کی بنیاد پر ایک جنگ بندی کا اعلان کر دیا گیا۔

اب گزشتہ روز صبح سویرے کی جانے والی اس بمباری سے پہلے اسرائیلی فوج نے رات کے وقت کا کرفیو لگا رکھا تھا، یہ سلسلہ تین دن سے جاری تھا، کرفیو کی وجہ سے لیطانی دریا کے جنوب میں نقل و حرکت اور سفر پر پابندی تھی۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج 3961 لبنانیوں کو قتل کرنے کے علاوہ 16520 کو زخمی کرنے میں کامیاب رہی جبکہ اسرائیل کا جانی نقصان 82 فوجیوں کے ساتھ ساتھ 47 شہریوں کی ہلاکت تک رہا۔