پشاور:(ویب ڈیسک )خیبرپختونخوا میں گیسٹرو کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔
صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں گیسٹرو کے ہزاروں کیسز رجسٹر کیے گئے، محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 14 روز کے دوران صوبے میں 19 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ پشاور ہے، جہاں 2 ہزار 591 افراد اس کا شکار ہوئے، چارسدہ میں 1 ہزار 913 اور سوات میں 1 ہزار 369 کیسز رپورٹ ہوئے، ڈیرہ اسماعیل خان میں 1 ہزار 202، نوشہرہ میں 1 ہزار 86 اور دیر لوئر میں 1 ہزار 12 مریض سامنے آئے ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق گیسٹرو کے پھیلاؤ کی بنیادی وجہ غیر معیاری خوراک اور آلودہ پانی ہے، جس کے باعث کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین صحت نے عوام کو صاف پانی کے استعمال اور خوراک میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔