بیروت: (ویب ڈیسک ) لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ تنظیم کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جاری ہے، بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ میں اس وقت سکوت چھایا ہوا ہے اور لبنان کی فضاؤں میں اسرائیل کے جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کی سمت سے اسرائیل میں حیفا، عکا اور ان کے اطراف راکٹ داغے گئے ہیں، آج صبح آخری کارروائی میں حیفا اور الجلیل کی جانب 30 راکٹ داغے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان کی سمت سے شمالی اسرائیل پر داغا جانے والا ایک راکٹ فضا میں تباہ کر دیا گیا جبکہ دوسرا راکٹ کھلے علاقے میں جا گرا۔
اسرائیلی ٹی وی چینل کے مطابق لبنان سے شمالی اسرائیل کے علاقے الجلیل کی جانب 5 راکٹ داغے گئے، اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز لبنان پر درجنوں حملے کیے، اس دوران میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ اور جنوبی شہر النبطیہ کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کی شام کے ساحلی شہر اللاذقيہ پر بمباری
النبطیہ پر ہونے والے حملے میں بڑی تباہی پھیلی اور سرکاری بیان کے مطابق 16 افراد جان کی بازی ہار گئے، مرنے والوں میں شہر کی بلدیہ کا سربراہ بھی شامل ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق بیروت کے جنوب میں ضاحیہ میں بدھ کی صبح حارہ حریک کے علاقے میں ایک عمارت پر فضائی حملہ کیا گیا، اس سے قبل اسرائیلی فوج نے عمارت خالی کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
حزب اللہ کے مطابق اس کے جنگجو القوزح قصبے کے اطراف اسرائیلی فوج کے ساتھ شدید جھڑپوں میں مصروف ہیں جن میں مختلف نوعیت کے خود کار ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں۔
لبنانی تنظیم حزب اللہ نے غزہ کی معاونت کے سلسلے میں آٹھ اکتوبر 2023 کو اسرائیل کے خلاف محاذ کھول دیا، یہ اقدام سات اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ کی پٹی میں جنگ چھڑنے کے ایک روز بعد سامنے آیا۔