یروشلم : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی وزیراعظم نے ایران پر جوابی حملے کے اہداف کی منظوری دےدی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی خبر رساں اداروں نے اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیلی کارروائی کیلئے ایرانی اہداف کی منظوری دیدی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مخصوص اہداف کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی یہ بات واضح کی گئی ہے کہ اسرائیل فوجی اہداف کو نشانہ بنائے گا یا نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متوقع اسرائیلی کارروائی کے آغاز کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل کی جانب سینکڑوں بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے تھے۔
بعد ازاں ایرانی میزائل حملوں کے ممکنہ اسرائیلی ردعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل حملے جارحانہ تھے لیکن نشانہ درست نہ ہونے سے ناکام ہوئے، ہمارے جوابی حملے ایسے ہوں گے کہ ان کو سمجھ نہیں آئے گا کہ کیا اور کیسے ہوا وہ بس حملوں کے نتائج دیکھیں گے۔
پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ پر حملے کابدلہ قرار دیا۔