ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیشن نیشنلسٹ پارٹی نے شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا۔
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی ( بی این پی ) نے معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد پر ملک کے آئینی اداروں کو تباہ کرنے اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بنگلہ دیش کی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیشنل پریس کلب میں ایک مباحثے کے دوران بی این پی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا کے مشیر زین العابدین فاروق نے کہا ہے کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ عوامی لیگ پر پابندی لگائی جائے۔
زین العابدین فاروقی نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ واجد کی ایک حالیہ گفتگو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ایک بار پھر اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں، شیخ حسینہ واجد نے ملک کے تمام آئینی اور جائز اداروں کو تباہ کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے عوام کی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کی اور ان کی جماعت عوامی لیگ کے لوگ اب موجودہ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ نے عوامی لیگ کو2041ء تک اقتدار میں رکھنے کے پروگرام بنا رکھے تھے۔