کانپور: (ویب ڈیسک) بھارت نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
گرین پارک کانپور سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 26 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے بھارت کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 26 رنز درکار تھے، شادمان اسلام 7 اور مومن الحق صفر پر کریز پر موجود تھے۔
بھارتی باؤلرز کی بہترین کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیشی بیٹرز وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے، مشفیق الرحیم نے 37 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر آنے والے بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
بھارتی باؤلرز جسپریت بمرا، روی چندرن ایشون اور رویندرا جدیجا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ آکاش دیپ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میزبان ٹیم نے 95 رنز کا آسان ہدف دوسری اننگز میں 17.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، یشاسوی جیسوال کو ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی اور روی چندرن ایشون کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
بھارت کے یشاسوی جیسوال نے 45 بالوں پر 51 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ ویرات کوہلی 29 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کردیا۔