تل ابیب: (ویب ڈیسک) ایک اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صیہونی فوج نے غزہ کی پٹی کے 26 فیصد علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک معروف اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں 9 ماہ تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد اسرائیلی فوج نے محصور پٹی کے 26 فیصد علاقے پر قبضہ کرکے وہاں موجود عمارتوں کو مسمار کر دیا ہے۔
اخبار کے مطابق عسکری ذرائع سے حاصل سیٹلائٹ کی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جن مقامات پر قبضہ کیا وہاں مختلف قسم کی سرگرمیاں جیسے فوجی اڈے قائم کرنا، انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سڑکیں بنانے کے کام کئے جا رہے ہیں۔
اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ جنگ کی پیشرفت سے واقف اسرائیلی فوج کے ایک سینئر افسر نے بتایا غزہ کے وسط میں زمین پر قبضہ کرنا پٹی پر قبضہ جاری رکھنے کی کوشش ہے، پٹی کے ان حصوں پر قبضہ کرنا ایک تزویراتی قدم ہے۔
اخبار کے مطابق فوجی کارروائیوں سے غزہ میں یہودی بستیوں کی تجدید کے حامیوں کو مدد مل رہی ہے، جنگ ہونے کیساتھ ہی جنوبی غزہ کی پٹی میں لاکھوں اہلیان غزہ کی جلاوطنی مستقل ہو گئی، تزویراتی مقامات جہاں سے مکین نقل مکانی کر گئے ہیں پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کیا ہے۔
غزہ کی پٹی کے گرد ایک بفر زون بھی قائم کیا گیا ہے اس کے اندر موجود تقریباً تمام عمارتوں کو مسمار کر دیا گیا اور اس علاقے میں فلسطینیوں کو داخل ہونے سے روک دیا، فوج نے حماس کو مصر تک پہنچنے سے روکنے کیلئے فلاڈیلفیا کے سرحدی محور کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔