ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستوں کا قیام ہے۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے بے حد ضروری ہے کہ سعودی عرب کے دو ریاستی حل کے مطالبے پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جائے۔
فیصل بن فرحان نے غزہ میں مسلسل قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
خیال رہے کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان ایسٹونیا کے دورے پر پہنچے ہیں جہاں انھوں نے ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں غزہ میں جنگ بندی سمیت انسانی امدادی سامان کے داخلے اور روس یوکرین بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے پر بات چیت کی۔