غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، رہائشی مکانات پر اسرائیلی فوج کی بمباری سے کم از کم 40 فلسطینی شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے مقامی حکام نے ایک بار پھر اسرائیل اور امریکی انتظامیہ کو جاری جرائم کا ذمہ دار قرار دے دیا، غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تباہ کن جنگ کو فوری طور پر ختم کرے جو اسرائیلی فوج غزہ کے شہریوں کے خلاف جاری رکھے ہوئے ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے النصر ہسپتال میں عملے کو یرغمال بنالیا۔
دوسری جانب عالمی عدالت انصاف میں جاری سماعت کے دوران چین نے اسرائیل کیخلاف مزاحمت کو فلسطینیوں کا ناقابل تسخیرحق قراردے دیا، عالمی عدالت میں اسرائیل مخالف مؤقف پر حماس نے چین کو سراہا۔
جبکہ پاکستان عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف اپنا مؤقف آج پیش گرے گا۔
ادھر ایران نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں جاری نسل کشی روکنے کے لیے بین الاقوامی عدالت انصاف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اقدامات کرے، اسی طرح دوسری اقوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 29 ہزارسے زائد فلسطینی شہید اور 69 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں نصف سے زائد تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔