اسلام آباد: (دنیا نیوز) نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملوں کیخلاف پاکستان عالمی عدالت انصاف میں آج اپنا موقف پیش کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نگران وزیر قانون احمد عرفان اسلم آج عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے، پاکستان کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں نہتے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کے مظالم پر آواز اٹھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی طرز عمل سے پیدا ہونے والے نتائج پر عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی کارروائی جاری ہے، یہ کارروائی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی طرف سے عالمی عدالت سے مشاورتی رائے کیلئے کی گئی درخواست پر شروع ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے عالمی عدالت انصاف سے فلسطین پر اسرائیل کی بربریت کیخلاف فیصلہ نہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
عالمی عدالت انصاف میں امریکی نمائندے کا دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اسرائیل کو فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے نکالنے کا مطالبہ کرنے کیلئے سکیورٹی کے تحفظات کو پیش نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
امریکی نمائندے نے مزید کہا ہے کہ امریکا اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن اور فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے کام کر رہا ہے، فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کا غیر مشروط انخلاء نہیں ہونا چاہیے۔
عالمی عدالت میں مصری قانونی قونصلر جیسمین موسیٰ نے کہا کہ اسرائیل کے غزہ پر جاری بدترین حملے میں 29 ہزار سے زائد فلسطینی شہید، 23 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے ہیں جو عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔