ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے دارالحکومت ریاض میں پہلا الکوحل سٹور کھولنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر میں آئندہ کچھ ہفتوں میں الکوحل سٹور کھول دیا جائے گا، الکوحل سٹور غیر ملکی سفارتکاروں کیلئے کھولا جا رہا ہے تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس سے مملکت میں مقیم غیر مسلم تارکین وطن بھی مستفید ہو سکیں گے یا نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الکوحل کی خریداری کیلئے خریداروں کو پہلے سعودی وزارت خارجہ سے کلیئرنس کوڈ حاصل کرنا ہو گا جو موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کیا جا سکے گا، خریداروں کو ماہانہ مخصوص کوٹہ دیا جائے گا، سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے ابھی تک اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ سعودی قانون کے تحت شراب پر پابندی عائد ہے اور شراب نوشی کے جرم میں جج مجرم کو سرعام کوڑے مارنے سمیت دیگر سخت سزائیں دے سکتے ہیں۔