غزہ کی صورتحال پر یورپی کونسل اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ کی شرکت

Published On 23 January,2024 07:15 am

برسلز: (ویب ڈیسک) غزہ کے معاملے پر ہونے والے یورپی یونین کے کونسل اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سمیت اہم عرب رہنماؤں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیظ، اردن کے نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایمن الصفدی اور مصر کے وزیر خارجہ سامع شکری بھی موجود تھے، اس موقع پر برسلز میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات کی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین کا خصوصی اجلاس برسلز میں ہوا جس کی صدارت یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ امور سکیورٹی پالیسی جوزف بوریل نے کی، کونسل میں مشرق وسطی میں ہونے والی پیشرفت خصوصاً غزہ کی صورتحال، فوری جنگ بندی کیلئے کام کرنے کی ضرورت اور انسانی تباہی کے اثرات سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے یورپی پارلیمنٹ نے ایک قرارداد منظور کی جس میں غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ اس شرط پر کیا گیا کہ حماس کا خاتمہ اور اس کے پاس موجود زیر حراست تمام یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔