سعودی عرب میں برج خلیفہ سے بھی بلند عمارت بنانے کی تیاری شروع

Published On 23 January,2024 07:23 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ سے بھی زیادہ بلند ٹاور بنانے کی تیاری شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر کیا جا رہا جو برج خلیفہ سے 172 میٹر بلند ہو گا، ٹاور 1.5 کلو میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا جائے گا اور اس کی چوٹی دنیا کی بلند ترین چوٹی مانی جائے گی جبکہ اس میں متعدد دفاتر اور عالمی ریستوران ہوں گے۔

دوسری جانب جدہ اکنامک کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر میں دنیا کے سب سے بلند ٹاور کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے گا، اس حوالے سے ٹاور کی تعمیر کا ٹھیکہ لینے کیلئے فروری تک بولی لگائی جائے گی۔

سعودی عرب کی جانب سے جدہ میں ایک ہزار میٹر بلند ترین ٹاور کی تعمیر کا ٹھیکہ لینے کیلئے متعدد ملکی اور بین الاقوامی کمپنیاں دلچسپی لے رہی ہیں، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے اشتراک سے ٹاور کی تعمیر کا ٹھیکہ دیا جائے گا۔