سعودی عرب: دنیا کا بلند ترین معلق مصلیٰ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل

Published On 22 January,2024 04:54 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شہر مکتہ المکرمہ میں دنیا کے بلند ترین معلق مصلے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصلیٰ 550 مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا گیا ہے، اس میں 520 افراد نماز ادا کر سکتے ہیں، معلق مصلے کی ایک خوبی یہ ہے فجر کے بعد نمازی یہاں سے شہر مکہ پر طلوع ہوتے سورج کا منظر خاص روحانی ماحول میں دیکھ سکتے ہیں، یہاں سے مسجد الحرام، خانہ کعبہ اور مقدس مقامات صاف نظر آتے ہیں۔

مصلیٰ سطح سمندر سے 483 میٹر کی بلندی پر واقع اور یہ داخلی راستے سے 179 میٹر اونچا ہے، معلق مصلیٰ مسجد الحرام کے سامنے جبل عمر ہوٹل کی بالائی منزلوں میں شامل ہے، یہ جبل عمر ہوٹل کے دو ٹاورز کو جوڑنے والے پل کے دائرے میں آتا ہے۔

ایگزیکٹو چیئرمین جبل عمر ڈویلپمنٹ کمپنی خالد العمودی نے کہا کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں معلق مصلے کے اندراج پر خوشی ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم زائرین کو منفرد تجربات سے متعارف کرانے کا جو عہد کیے ہوئے ہیں اس پر پورا اتر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ معلق مصلیٰ کا ڈیزائن قدیم عرب ڈیزائن اور عصر حاضر کے فن تعمیر کا خوبصورت امتزاج ہے، عربی رسم الخط کی تحریروں نے اس کے حسن کو دوبالا کر دیا ہے، اسمائے حسنیٰ خوبصورت رسم الخط میں تحریر ہیں جو عظیم اسلامی ورثے کا پتہ دے رہے ہیں۔