سعودی عرب کا پاک ایران سفارتی تعلقات کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم

Published On 22 January,2024 04:33 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی جانب سے پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی اور کشیدگی میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امید کرتے ہیں پاکستان اور ایران اپنے تمام اختلافات پرامن وسائل، مکالمے کے ذریعے بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے مطابق، اقوام متحدہ کے منشور اور حسن ہمسائیگی کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان کے نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی ختم اور سفارتی تعلقات کو بحال کیا جائے گا، خصوصی اجلاس کے فیصلوں کی کابینہ نے بھی توثیق کی تھی۔

17 جنوری کو ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں دو بچوں کی موت اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں، حملے کے جواب میں پاکستان نے 18 جنوری کی صبح ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے 9 عسکریت پسند مار دیئے تھے۔