سعودی عرب کا مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کیساتھ تعلقات معمول پر نہ لانے کا اعلان

Published On 22 January,2024 06:08 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کا مسئلہ حل ہونے تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر نہ لانے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ حل کیے بغیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی بات نہیں ہوسکتی۔

فیصل بن فرحان نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا معاملہ واحد راستہ ہے جس میں ہم فلسطین کے لیے فائدہ حاصل کریں کیونکہ فلسطین کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہمیں استحکام کی ضرورت ہے، استحکام کے ذریعے ہی یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری تصادم میں کمی اور عام شہریوں کی اموات کو روکنا سعودی عرب کے لیے سب سے اہم ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیل غزہ اور وہاں کی سویلین آبادی کو کچل رہا ہے جو مکمل طور پر غیر ضروری ہے، یہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے جسے روکنا ہے۔