سری نگر: (دنیا نیوز) کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ انہیں سپریم کورٹ سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیں، اب مقبوضہ کشمیر میں زمینیں مہنگی ہوں گی، پورے کشمیر میں کوئی بھی اس فیصلے سے خوش نہیں، عدالتی فیصلے سے ریاست کی معیشت کو نقصان ہوگا۔
دوسری جانب نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے بھی بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مایوس ہوں لیکن ناامید نہیں، جدوجہد جاری رہے گی۔
— Omar Abdullah (@OmarAbdullah) December 11, 2023
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی کو یہاں تک پہنچنے میں کئی دہائیاں لگیں، ہم طویل سفر کیلئے بھی تیار ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا حکم برقرار رکھا ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، بھارت سے الحاق کے بعد کشمیر نے داخلی خود مختاری کا عنصر برقرار نہیں رکھا، آرٹیکل 370 ایک عارضی شق تھی۔