اکتوبر میں بھارتی فوجیوں نے 17 کشمیریوں کو شہید، 78 کو گرفتار کیا: رپورٹ

Published On 01 November,2023 12:00 pm

سری نگر : (ویب ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں گزشتہ ماہ 17کشمیریوں کو شہید کیا جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج جاری اعداد و شمار کے مطابق 11کشمیریوں کو بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے جعلی مقابلوں یا حراست کے دوران شہید کیا، ان شہادتوں سے  2 خواتین بیوہ اور 10بچے یتیم ہو گئے ۔

اس عرصے کے دوران علاقے میں بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشی اور محاصرے کی 212کارروائیاں کیں ۔ 

ان کارروائیوں کے دوران بھارتی فوج نے  78کشمیریوں کو گرفتار ، 10کو زخمی اور 3مکانات کو تباہ کردیا۔