امریکا : فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک

Published On 24 August,2023 12:41 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) امریکا میں فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کی اورنج کاؤنٹی کے ایک بار میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے 6افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کی جارہی ہے تاہم بظاہر فائرنگ دو گروپوں میں تصادم کے بعد کی گئی۔

پولیس نے ہلاک حملہ آور سے متعلق بھی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں ، جبکہ بار کے اطراف کی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

گن وائلنس آرکائیو کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں گزشتہ طویل عرصے سے فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے، رواں برس اب تک عوامی مقامات میں فائرنگ کے 300 سے زائد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں ۔