اے این ایف کی ملک گیرکارروائیاں ، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، 7ملزمان گرفتار

Published On 24 August,2023 11:24 am

لاہور : (دنیانیوز) اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے ، 7 کاروائیوں کے دوران 445 کلوگرام منشیات برآمد جبکہ افغان باشندے سمیت 7 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔

اے این ایف حکام کے مطابق رنگ روڈ پشاور کے قریب ایمبولینس سے 10 کلو 800 گرام افیون اور 36 کلو چرس برآمد کرلی گئی ، دوران کارروائی ایک افغان باشندے سمیت ہنگو کے رہائشی 3 ملزمان گرفتارکر لیے گئے۔

اے این ایف حکام کے مطابق ایک اور کارروائی باچہ خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کی گئی جہاں مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو 730 گرام آئس برآمد کی گئی ، پشاور کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر کیو آر 601 کے ذریعے قطر کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔

اے این ایف کے مطابق خیبر میں کارروائی کے دوران مقامی رہائشی سے 5 کلو چرس برآمد کی گئی ۔

اے این ایف نے گوجرانولہ کے علاقے چن کا قلعہ میں کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سے 180 کلوگرام چرس برآمد کرلی ، دوران کارروائی گوجرانولہ کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا گیا جبکہ ملزم کی نشاندہی پر گھر میں کھڑی ایک اور گاڑی سے 36 کلو افیون برآمد کی گئی ۔

اے این ایف حکام کے مطابق فیصل آباد میں مقامی موٹرسائیکل سوار سے 600 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ، کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 67 کلو افیون اور 103 کلو مارفین برآمد کی گئی ہے ۔

اے این ایف حکام کاکہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔