ماسکو : (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور ایران کے اعلیٰ دفاعی حکام کی ملاقات میں دفاع اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز روس میں منعقدہ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ دفاعی حکام کی ملاقات ہوئی۔
سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق وزیرِ دفاع کے معاون طلال العتیبی نے بین الاقوامی سلامتی سے متعلق 11 ویں ماسکو کانفرنس کے موقع پر ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف عزیز ناصر زادہ سے ملاقات کی۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد اس ملاقات کو نئی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کی جانب سے ایکس پر شیئر کی گئی تصاویر کے مطابق العتیبی نے روس، چین اور پاکستان کے دفاعی حکام سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
وزارت نے کہا کہ ان ملاقاتوں کے دوران میں عہدے داروں نے دفاع اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ، انھوں نے باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ ان کو بہتر بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مارچ میں 7 سال کے بعد تعلقات بحال ہوئے تھے۔
روس کی وزارتِ دفاع کے زیراہتمام بین الاقوامی سلامتی سے متعلق ماسکو کانفرنس میں مختلف ممالک کے 26 وزرائے دفاع ، 16 نائب وزرائے دفاع اور چیف آف جنرل سٹاف نے شرکت کی ہے۔