سکھوں کا احتجاج، برطانیہ اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات منقطع

Published On 10 April,2023 10:59 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات منقطع ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تجارتی تعلقات بھارت نے اس لیے منقطع کیے ہیں کہ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پر سکھوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج کی برطانیہ نے مذمت نہیں کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام نے اس ضمن میں کہا ہے کہ بھارت نے واضح پیغام دیا ہے کہ جب تک خالصتان کے حوالے سے مذمت نہیں کی جاتی اس وقت تک دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات پر گفت و شنید نہیں ہو سکتی۔

واضح رہے کہ 19 مارچ کو سکھ مظاہرین نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پر احتجاج کیا تھا اور اس دوران عمارت پر لگا ہوا بھارتی جھنڈا بھی اتار دیا گیا تھا۔ احتجاجی مظاہرین نے سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لندن : خالصتان کے حامیوں نے بھارتی ہائی کمیشن پر خالصتانی پرچم لہرا دیا

سکھوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج کے بعد بھارت نے نئی دہلی میں متعین سب سے سینئر برطانوی سفارت کار کو طلب کیا تھا۔

برطانوی سیکریٹری خارجہ جیمز کلیورلی نے اس حوالے سے کہا تھا کہ پولیس تفتیش جاری ہے اور بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کے لیے سیکیورٹی میں ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی۔

امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج ایک ایسے وقت میں ہونا شروع ہوئے ہیں کہ جب بھارتی پولیس کی جانب سے امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جانے لگی ہیں۔