ماسکو : ( ویب ڈیسک ) روس نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ یوکرین کو یورینیئم والا گولہ بارود دینے سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔
برطانیہ نے امریکا اور دیگر اتحادیوں کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے روس کے خلاف یوکرین کو مضبوط کرنے کیلئے جنگی ٹینکوں کے ساتھ یورینیئم پر مشتمل ٹینکر کے گولے فراہم کرنے کا کہا تھا۔
اس سے قبل برطانیہ نے صدر زیلنسکی کے درخواست پر یوکرین کے فوجیوں کو چیلنجر 2 جنگی ٹینکس فراہم کیے تھے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے واضح کیا ہے کہ برطانیہ نے یوکرین کو یورینیئم کے حامل ٹینکوں کو تباہ کرنے والا گولہ بارود فراہم کیا تو ماسکو شدید ردعمل دے گا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ برطانوی اقدام مزید کشیدگی کی طرف بڑھنے کا سبب بنے گا، یورینیئم والے گولہ بارود کے استعمال سے یوکرین کی اعلیٰ معیار اور غیر آلودہ خوراک تیار کرنے کی صلاحیت تیزی سے کم ہو جائے گی۔
دوسری جانب برطانیہ کی وزارت دفاع نے پیوٹن کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یورینیئم والے گولے کئی دہائیوں سے معیاری آلات رہے ہیں اور ان کا جوہری ہتھیاروں یا صلاحیتوں سے کوئی تعلق نہیں۔
برطانوی وزارت دفاع نے روس پر گولہ بارود کو جوہری اجزاء والے ہتھیار کے طور پر بیان کرنے کے لیے جان بوجھ کر غلط معلومات پھیلانے کا الزام لگایا۔