امریکی اسپیکر نینسی پیلوسی کا دورہ تائیوان، چین اور روس کا شدید ردعمل

Published On 02 August,2022 10:17 pm

تائپے:(دنیا نیوز) چین کی بھرپور مخالفت کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی تائیوان پہنچ گئیں۔

نینسی پیلوسی کا طیارہ رات گئے کوالالمپور سے تائپے پہنچا جہاں ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا، ایئر پورٹ پہنچتے ہی نینسی پیلوسی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا کو آمریت اور جمہوریت کے درمیان انتخاب کا سامنا ہے، اس لیے تائیوان کے 23 ملین لوگوں کے ساتھ امریکا کی یکجہتی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

اس سے پہلے چینی وزارت خارجہ نے وارننگ دی کہ تائیوان کے مسئلے پر سیاست کرنے والے امریکی سیاستدانوں کواس کی قیمت چکانی ہوگی۔

روسی وزارت خارجہ نے نینسی پیلوسی کے دورے کو اشتعال انگیزی قراری دیتے ہوئے کہا کہ روس تائیوان کے معاملے پر چین کے موقف کے ساتھ کھڑا ہے۔