مکمل یقین ہے کہ روس یوکرین پر حملہ کرنا چاہتا ہے: سربراہ نیٹو

Published On 16 February,2022 05:31 pm

برسلز:(دنیا نیوز) نیٹو کے سربراہ ہینز سٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ نیٹو کو مکمل یقین ہے کہ روس یوکرین پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سربراہ نیٹو نے کہا کہ روس کے یوکرین کی سرحد سے فوجی ہٹانے کی تصدیق نہیں ہوسکی، نیٹو کو نظر آرہا ہے کہ روس نے یوکرین کی سرحد پر فوج مزید بڑھا دی ہے۔

دوسری جانب چین نے امریکا اور مغربی ممالک پر کشیدگی کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا کہ مغربی ممالک جان بوجھ کر جنگ کے خطرہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈس انفارمیشن پھیلا کر چیلنجز اور مسائل سے بھر ی دنیا کو مزید غیر یقینی سے دوچار کیا جارہا ہے۔

ادھر روس کی جانب سے امریکی صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ جو بائیڈن نے مسئلہ کا حل سفارتکار ی کے ذریعہ تلاش کرنے پر زور دیا تھا۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ نے پابندیاں لگائیں تو روس بھی جوابی قدم اٹھائے گا، حملے کی صورت میں برطانیہ نے روسی کمپنیوں پر پابندی لگانے اور انکے تمام اثاثے ظاہر کرنے کی دھمکی دی تھی۔