تہران: (دنیا نیوز) ایران کے جنوبی علاقے میں زلزلے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، متحدہ عرب امارات میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کے جنوبی علاقے میں زلزلے سے 5 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے، زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر6.1 تھی، زلزلے سے متعدد گھر تباہ ہوگئے اورسڑکیں ٹوٹ گئیں، علاقے میں 6.3 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے۔
ایرانی ایمرجنسی محکمے کے حکام نے بتایا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں پہنچنا شروع ہوگئی ہیں اورزلزلے سے متاثرین کے لئے امدادی خیمے نصب کئے جارہے ہیں۔
دوسری جانب دبئی اورشارجہ سمیت متحدہ عرب امارت میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
یورپی بحیرہ روم زلزلہ مرکز کے مطابق 6.3 شدت کا زلزلہ ایران کے جنوب میں آیا جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی ، زلزلہ کا مرکز ایرانی بندرگاہ لنگہ تھا جو شارجہ سے 150 کلومیٹر دورہے۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث شہریوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اورلوگ کھلی جگہوں پرنکل آئے۔