سری لنکا : احتجاج کرنے والے طلبا پر پولیس کی شیلنگ، واٹرکینن کا بھی بھرپور استعمال

Published On 20 May,2022 03:45 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا میں معاشی بحران پر جاری کشیدگی میں کمی نہ آ سکی۔ حکومت مخالف احتجاج کرنے والے طلبا پر پولیس نے آنسوگیس کے شیلز برسا دئیے، صدر گوتابایا راجا پکسے کے گھر جانے کی کوشش پر واٹر کینن کا بھی آزادانہ استعمال ہوا۔

معاشی بحران پر کشیدگی برقرار ہے، سری لنکا میں حکومت مخالف احتجاج میں طلباء بھی سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے پولیس کی شیلنگ سے سڑکیں میدان جنگ کا منظرپیش کرنے لگیں۔

احتجاج کرنے والوں نے بیرئیر ہٹا کر صدر کے گھر کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے واٹر کینن چلا دی۔

ملک کے دیوالیہ ہونے کے بعد سے مسلسل بڑھتی مہنگائی،بجلی کی طویل بندش اور پٹرولیم مصنوعات کی عدم فراہمی بھی عوامی غم وغصے کا باعث بنی ہوئی ہے۔