کولمبو:(ویب ڈیسک) پارلیمنٹ میں ایک نشست رکھنے والے رانیل وکرما سنگھے کو شدید معاشی بحران کا شکار ہونے والے سری لنکا کا وزیراعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن صدر گوتابایا راجا پاکسے نے 73 سالہ رانیل وکرما سنگھے کو صدر مقرر کیا جنہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
یونائیٹڈ نیشنل پارٹی (یو این پی) کے سربراہ 73 سالہ وکرما سنگھے 1977 میں پہلی بار پارلیمنٹ کے رکن بنے تھے۔
قبل ازیں وہ پانچ مرتبہ وزیرِ اعظم کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 1993 میں پہلی مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا تھا۔ لیکن اس وقت وہ 225 رکنی پارلیمان میں اپنی جماعت کے واحد نمائندے ہیں۔
مہندا راجا پاکسے کے وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے مستعفی ہونے کے بعد صدر نے اپوزیشن جماعتوں کی ایک اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔
وکرما سنگھے کی تقرری کے بعد راجاپاکسے کی جماعت سری لنکا پوڈوجنا پیرمونا(ایس ایل پی پی) اور سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ایس جے بی کا ایک دھڑا اسمبلی میں ان کی حمایت کرے گا۔
گزشتہ انتخابات میں ان کی جماعت صرف ایک نشست ہی حاصل کر پائی تھی تاہم مبصرین کے مطابق ایک کہنہ مشق قانون ساز کے طور پر ان حالات میں ان کا وزیرِ اعظم بننا ان کی زبردست واپسی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سری لنکا کے وزیر اعظم مہندرا راجا پاکسے نے آزادی کے بعد ملک کے بدترین معاشی بحران پر عوامی مظاہروں کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وکرما سنگھے یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کے سربراہ بھی ہیں۔