جوبائیڈن کا ماحول کی بہتری کے لیے لامحدود رقم خرچ کرنے کا اعلان، سماجی کارکنان کا احتجاج

Published On 03 November,2021 11:31 am

گلاسگو: (دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ امریکا ماحول کی بہتری کے لیے لامحدود رقم خرچ کرے گا، ہم سانس لینا اور دنیا کی سربراہی کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر سماجی کارکنوں نے ماحول کی بہتری کے نام پر دھوکا بند کرنے کے نعروں والے بینرز اٹھا کر احتجاج کیا۔

 

ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر بائیڈن نے الزام عائد کیا کہ چین اور روس ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے رقم خرچ نہیں کر رہے، امریکا ماحول کی بہتری کے لیے خطیر رقم خرچ کرے گا، چینی صدرشی جن پنگ نے جی ٹونٹی اور ماحولیاتی کانفرنس میں نہ پہنچ کر بڑی غلطی کی ہے۔

دوسری جانب گلاسگو کانفرنس کے موقع پر ماحول کےتحفظ کے لیے کام کرنے والے سماجی کارکنوں کا احتجاج بھی جاری ہے۔ عالمی کانفرنس کے باہر کارکنوں نے بینرز اٹھا کر احتجاج کیا اور سمٹ میں شریک ممالک کے خلاف نعرے بازی کی۔

بینزر پر ماحول کی بہتری کے نام پر دھوکا بند کرنے کے نعرے درج تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ نام نہاد اعلانات سن سن کر تھک چکے ہیں، آلودگی کےخاتمے کےلیے عملی کام کرکے دکھایا جائے۔