بھارت: عیدالضحیٰ کے موقع پر مسلمانوں پر کڑی پابندیاں، قربانی اور نماز ادا کرنا دشوار

Published On 21 July,2021 09:45 am

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں مسلمان سخت پابندیوں میں آج عیدالضحیٰ منا رہے ہیں، بڑی مساجد اور عید گاہوں میں عید کے اجتماعات منعقد نہیں ہو سکے، ریاست اترپردیش میں گائے اور اونٹ ذبح کرنے پر پابندی لگا دی گئی۔ اکثر مسلمانوں نے گھروں ہی میں نماز ِعید ادا کی۔

بھارت میں مسلمانوں کا مذہبی تہوار منانا ہی مشکل ہو گیا، اکثر ریاستوں میں نماز عید کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی، دلی کی معروف جامع مسجد میں بھی نمازِ عید کی اجازت نہیں دی گئی۔ کئی ریاستوں میں اجتماعی نمازوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ مسلمان گھروں میں نماز ادا کرنے پر مجبور ہوئے۔

اترپردیش میں عید کے اجتماعات پر بھی پابندی ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے گائے اور اونٹوں کو ذبح کرنے سے بھی روک دیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے مسلمانوں سے صرف گھر پر ہی بقرعید منانے کو کہا ہے۔ گھروں میں نماز ادا کرنے کے باوجود بھارتی میڈیا مسلسل مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا کرتا رہا۔

آندھرا پردیش میں نماز عید گاہوں میں یا کھلی جگہوں پر ادا نہیں کی جا سکی اور مساجد میں 50 فیصد کی حد تک ہی اجازت ملی۔ کیرالہ اور کرناٹک میں محدود پیمانے پر ایس او پیز کے ساتھ عید پڑھنے کی اجازت دی گئی۔