فلسطینیوں پر حملے مسلمانوں نہیں بلکہ انسانیت پر ہیں: ترک صدر اردوان

Published On 10 May,2021 10:28 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں پر بے پناہ مظالم کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان کا فلسطینی صدر محمود عباس اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطے ہوا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق ٹیلیفونک رابطے کے دوران اسرائیل کے حملے کے بعد اور مسجد اقصیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر حملے مسلمانوں نہیں بلکہ انسانیت پر حملے ہیں۔ یہ فلسطینیوں پر ظلم و ستم ہیں۔ ترکی مشکل وقت میں اپنے بھائیوں کے ساتھ ہے، پوری دنیا اور مسلم دنیا میں اس مسئلہ کو اٹھائیں گے، بیت المقدس کی حرمت کا دفاع جاری رکھیں گے۔ فلسطینی کاز ہمارے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔

اس سے قبل بھی مسجد اقصی پر جاری اسرائیلی فوج کے مظالم کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ظالم دہشتگرد ریاست اسرائیل بے گناہ مسلمانوں پر وحشیانہ تشدد کر رہی ہے اور دین اور گھروں کا دفاع کرنے والوں فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ جو بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز نہیں اٹھا رہا یا کھل کر اس پر بیان دینے سے کترا رہا ہے وہ اس جرم اور ظلم میں برابر کا شریک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ میں پوری دنیا خصوصا اسلامی ممالک سے یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ فلسطینیوں، مسجد اقصی اور القدس میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف نا صرف آواز اٹھائیں بلکہ فوری کاروائی بھی کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ القدس کل کائنات اور یہاں بسنے والے مسلمان کل انسانیت ہیں۔ ترکی ،القدس میں ظلم کا شکار اپنے مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا تھا، کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔

اردوان نے بتایا کہ ترکی نے تمام متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں، اقوام متحدہ اور بلخصوص اسلامی تعاون کی تنظیم کو متحرک کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔