نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے کیونکہ بھارت میں کورونا کی سنگین صورتحال ہے اور صرف گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 3 لاکھ 49 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور 2 ہزار 767 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے اپنے انٹرویوزمیں کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کو ہسپتالوں میں جگہ نہیں مل رہی اور آکسیجن کی خاص طور پر شدید کمی ہے۔
کورونا کی سونامی کے دوران” ہیش ٹیگ ہم سانس نہیں لے سکتے “بھارتی ٹویٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ بھارتی ٹی وی چینلز پر ہسپتالوں کی راہداریوں اور سڑکوں پر مریضوں کو چکر لگاتے دکھایا جا رہا ہے جو طبی امداد کے منتظر ہیں۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھارتی متاثرین کے لئے دکھائے گئے انسانی جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم بھارت اور دنیا بھرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گوہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود اسی انسانی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے آکسیجن فراہم کرنے والی 100 مشینیں بھارتی ریاست مہاراشٹرا بھیجیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاستدانوں نے بھی کورونا کیسز پر قابو پانے میں ناکامی پر مودی حکومت کی مذمت کی ہے۔ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ آکسیجن کی قلت اور آئی سی یو بیڈز کی کمی کے موجودہ بحران کی ذمہ دار بی جے پی کی حکومت ہے۔
ایک اور کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے دوران احساس تحفظ، سمت اور قیادت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہا کہ وزیراعظم مودی کو رونا وائرس کی صورت حال کو کنٹرول کرنے میں مکمل طورپرناکام رہے۔ سیاسی ماہرین اور تجزیہ کارسمجھتے ہیں کہ مودی حکومت کی طرف سے بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہندو تہوار کمبھ میلے کے انعقاد کی اجازت کا فیصلہ بڑے پیمانے پرکورونا کے پھیلاﺅ کا باعث ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں بڑے پیمانے پر انتخابی ریلیوں کے انعقاد کی اجازت کے فیصلے نے بھارت میں پہلے سے ہی خراب صورتحال کو مزید بدتربنادیا۔ انہوں نے کہاکہ جب بی جے پی کی حکومت کو کورونا وائرس سے نمٹنے پر توجہ دینے کی ضرورت تھی، وزیر اعظم مودی انتخابی ریلیوں سے خطاب کرنے میں مصروف تھے۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ بین الاقوامی پریس نے بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے میں ناکامی کے لئے مودی کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔
”دی ٹائمز لندن “لکھتا ہے کہ مودی کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کی کوشش کررہا ہے۔
”دی گارڈین“ نے شہ سرخی میں لکھا کہ بھارت میںنظام صحت دھڑام سے گرگیا ہے: بھارت کورونا کے جہنم میں گرتا جا رہا ہے“۔