لاہور: (دنیا نیوز) وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں آکسیجن فراہمی کی صورتحال اطمینان بخش ہے، شیڈول آپریشن دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دیئے، لاہور میں مثبت کیسز کی شرح بیس فیصد ہوگئی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں دو ہفتے کے دوران 200 وینٹی لیٹرز لگائے گئے، حفاظتی تدابیر پر عمل کر کے ہی وبا سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری صنعت کو ہدایت کی ہے کہ فیکٹریوں کو آکسیجن کی سپلائی نسبتا کم کر دی جائے، لاہورمیں مثبت کیسزکی شرح 20 فیصد ہے، گزشتہ 24گھنٹے میں کورونا سے 28 اموات ہوئیں۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب جب تنقید کرتے ہیں تو دکھ ہوتا ہے، یہ کون سا وقت ہے کہ ہم ویکسین پر تنقید کریں۔ پنجاب سب سے زیادہ ویکسین لگا رہا ہے، لاہور میں مزید 2 ویکسی نیشن سینٹر بنائےجا رہے ہیں۔ امید ہے مئی کے آخر تک 50 سال سے زائدعمرکے افراد کو ویکسین لگ جائے گی۔