نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) چین نے لداخ کشیدگی کے دوران سائبر حملوں سے بھارت کی بجلی بند کر دی تھی،جرمن خبررساں ادارے کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سرحدی کشیدگی کے دوران چین نے بھارت میں بجلی سپلائی کرنے والی کئی اہم تنصیبات کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
اکتوبر 2020 میں بھارت کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں بجلی کی ترسیل میں بڑے پیمانے پر خرابیاں پیدا ہوگئی تھیں، جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت رک گئی تھی، ہسپتال بند ہوگئے تھے اور سٹاک ایکسچینج بھی کئی گھنٹے تک بند رہی تھی۔
رپورٹ میں مبینہ طورپر کہا گیا ہے کہ یہ چینی ہیکرز کاکام تھا، چین نقصان دہ سافٹ ویئر بجلی کے سپلائی نظام میں داخل کرنے میں غالباً کامیاب ہوگیا تھا۔بھارت کی بجلی فراہم کرنے والی کم از کم دس اہم کمپنیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا ، ان میں ملک بھر میں علاقائی سپلائی کے پانچ میں سے چار مراکز شامل تھے ۔
اس کے علاوہ دو بھارتی بندرگاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چینی ہیکرز ہیکنگ کے جدید ترین طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے منظم حملے کرتے ہیں اور اس کی وجہ سے بھارت کی انتہائی حساس تنصیبات ان کی زد میں آئیں۔
تاہم بھارتی عہدیداروں نے اس پر مکمل خاموشی اختیار کر لی تھی،ادھربھارت کے ایک سابق فوجی جنرل ڈی ایس ہوڈا نے کہاکہ یہ سرحدی تنازع پر چین کی طرف سے وارننگ تھی۔