بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے انتباہی انداز میں تائیوان کو کہا ہے کہ آگ سے کھیلنے والے جل جائینگے، آزادی کا مطلب ہمارے ساتھ جنگ ہے۔
عرب میڈیا ’الجزیرہ‘ کے مطابق چین نے تائیوان کے قریب فوجی مشقیں شروع کی ہیں جن کو ’آزادی کا مطلب جنگ‘ کا نام دیا گیا ہے اور ان مشقوں کے ساتھ ہی تائیوان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی افواج غیر ملکی اشتعال انگیزی اور مداخلت کے جواب میں فوجی مشقیں کررہی ہیں۔
ترجمان چینی وزارت دفاع نے مشقوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ تائیوان چین کا اٹوٹ انگ ہے جبکہ چینی افواج کی سرگرمیاں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتہائی اہم قدم اور ملکی خودمختاری کی حفاظت کے لیے ضروری ہیں، اس کے علاوہ یہ تائیوان میں بیرونی مداخلت اور اشتعال انگیزی پھیلانے والی تائیوان کی آزادی کی حامی قوتوں کو واضح جواب بھی ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان نے مزید کہا کہ تائیوان کی آزادی کے حامی عناصر کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ تائیوان کی آزادی کا مطلب جنگ ہے لہذا جو لوگ آگ سے کھیل رہے ہیں وہ خود جل جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا تائیوان کو اسلحہ کی فروخت کا فیصلہ واپس لے ورنہ بھرپور جواب دینگے: چین
چین کی حکومت کو خدشہ ہے کہ تائیوان کی منتخب جمہوری حکومت باقاعدہ طور پر آزادی کے اعلان کی طرف بڑھ رہی ہے تاہم تائیوان کی صدر متعدد بار کہہ چکی ہیں کہ تائیوان ایک آزاد ملک ہے جس کا نام ’رپبلک آف چائنہ‘ ہے۔
اس کے علاوہ چین کئی مرتبہ یہ واضح کرچکا ہے کہ تائیوان اس کے لیے انتہائی حساس اور اہم ترین معاملہ ہے جب کہ کچھ روز قبل چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بیان میں کہا تھا کہ چین اپنے وعدے پر قائم ہے کہ تائیوان میں مداخلت سے باز نہ آنے پر امریکا کو ’’بھاری قیمت‘‘ ادا کرنا پڑے گی۔ اس لیے چین کی جانب سے بعض امریکی حکام پر پابندیاں لگائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ چین، تائیوان کو اپنا صوبہ قرار دیتا ہے جب کہ تائیوان خود کو آزاد، خود مختار اور جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ رکھتا ہے۔ چین اور تائیوان کے درمیان تعلقات ہمیشہ کشیدہ رہے ہیں جب کہ تائیوان اقوام متحدہ کا رکن ملک نہیں ہے۔