سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں ظالم اور قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے مزید تین نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کے لیے محاصرہ کیا اور اس دوران داخلی و خارجی راستے بند کردیئے گئے جب کہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی معطل رہیں۔
کے ایم ایس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جنکی شناخت زبیر احمد ، اعجاز مقبول اور اطہر مشتاق کے نام سے ہوئی ہے۔
تینوں نوجوانوں کا تعلق شوپیاں اور پلوامہ سے تھا اور وہ سری نگر میں تعلیم کی غرض سے ٹھہرے ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج نے 3 کشمیری مزدوروں کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کا اعتراف کر لیا
نوجوانوں کی شہادت کے بعد اہلخانہ نے نے بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ شہید کیے گئے نوجوانوں کی میتیں ہمارے حوالے کی جائیں۔
اعجاز مقبول کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ کشمیر یونیورسٹی میں امتحان دینے کے لیے گھر سےگیا تھا جس کے بعدظالم فوج نے اسے شہید کر دیا۔