سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی کشمیری نوجوان کے خلاف ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں، ضلع شوپیاں میں مزید 4 نوجوانو ں کو شہید کر دیا گیا، 24 گھنٹوں میں شہدا کی تعداد 9 ہوگئی۔
مقبوضہ وادی میں بھارت کا ظلم نہ رک سکا۔ ضلع شوپیاں کے علاقے پنجورا میں مزید 4 نوجوانو ں کو شہید کر دیا گیا، قابض فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی بھی لی، ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کیا۔
حریت کانفرس نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ فوری طور پر وادی میں خون خرابے کو رکوائے۔ حریت رہنما اشرف صحرائی نے کہا ہے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔
خیال رہے گزشتہ روز بھی شوپیاں اور بارہ مولا میں نام نہاد سرچ آپریش کی آر میں 5 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ چار کشمیریوں کا سینہ ضلع شوپیاں میں گولیوں سے چھلنی کیا گیا جبکہ ایک جوان کو بارہ مولا میں شہید کر دیا گیا۔ شہادتوں کے بعد ضلع شوپیاں اور کلگام میں موبائل سروس معطل کر دی گئی۔
نئی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی میں اولاد کو برسوں پال پوسنے والی ماؤں کو بیٹوں کی لاش کا آخری دیدار بھی نصیب نہیں ہوتا۔ ریاستی دہشت گردی میں ملوث بھارتی فوج نے شہید جوانوں کی لاشوں کو نامعلوم مقامات پر ٹھکانے لگانا شروع کر دیا ہے۔ انسانیت سے عاری ہندوستانی فوج نے اب تک 10 ماہ کے دوران 146 جوانوں کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔