روم: (دنیا نیوز) اٹلی کے شہر بریشا میں ہزاروں افراد کشمیریوں کے حق میں نکل آئے۔ سکھ، اٹلی اور عرب سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں نے بھارت کی جانب کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف احتجاج کیا۔
پوری دنیا میں کشمیریوں کے حق اور بھارت مخالف مظاہرے، اٹلی کے شہر بریشا میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سکھ، عربی اور پاکستانی مسلمانوں کی بڑی تعداد شریک تھی، دوکلومیٹر طویل ریلی میں تین ہزار افراد نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز اسلامک سنٹر سے ہوا جو بریشا کے بڑے پارک پر اختتام پزیر ہوئی۔
لندن میں پارلیمنٹ سکوائر کے سامنے بھارت سے تعلق رکھنے والی اقلیتوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ ساؤتھ ایشیا سولیڈیرٹی گروپ کے پلیٹ فارم سے پارلیمنٹ سکوائر میں نصب گاندھی کے مجسمہ کے سامنے کیا گیا۔ مظاہرین نے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مقبوضہ وادی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے اقدام کو مسترد کر دیا۔