نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ مذاکرات عمل کے ذریعے کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے تہران جانے کو تیار ہوں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران جا کر عوام سے براہ راست بات چیت کرنا چاہتا ہوں۔ وہاں بتانا چاہتا ہوں کہ ایران کی قیادت نے ملک کو کس طرح نقصان پہنچایا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ضرورت ہوئی تو ایران کیساتھ مذاکراتی عمل کے ذریعے کشیدگی کو ختم کرنا چاہتا ہوں، جاپان، فرانس، جرمنی، جنوبی کوریا، آسٹریلیا اور دیگر ممالک پر زور دیتا ہوں کہ اس مجوزہ بحری فوج کا حصہ بنیں جو آبنائے ہرمز میں تیل کے ٹینکرز کی حفاظت پر مامور ہو۔
ایران پر تازہ امریکی پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں تہران حکومت پر دباؤ بڑھانا چاہتی ہیں تاکہ کسی نتجیے پر پہنچا جا سکے۔
یاد رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے مابین کشیدگی عروج پر ہے۔ امریکی صدر کی طرف سے گزشتہ برس عالمی جوہری ڈیل سے واشنگٹن کی دستبرداری کے بعد سے دونوں ممالک میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔